مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی فرانزک ماہر مائیکل فری مین نے جنسی جرائم میں ملوث معروف مجرم جیفری ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا ایک سال تک جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اس کی موت غالباً دانستہ طور پر گلا گھونٹنے اور قتل کا نتیجہ تھی۔
فری مین نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی مرتبہ ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم تصاویر دیکھیں تو انہیں گردن پر موجود نشانات معمول کے مطابق پھانسی لگنے کے آثار محسوس نہیں ہوئے۔ عام طور پر پھانسی کے نتیجے میں گردن پر رسی کا ایک ہموار اور یکساں نشان بنتا ہے، جو ترچھا اوپر کی جانب جا کر ایک نقطے پر ختم ہوتا ہے، لیکن ایپسٹین کی گردن پر موجود نشان گہرا، بے قاعدہ اور ایک جانب سے شاخ دار ہو کر انگریزی حرف Y کی شکل اختیار کیے ہوئے تھا۔
امریکی ماہر فرانزک اپنی تحقیقات کے نتائج ایک سائنسی جریدے میں شائع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایپسٹین کی موت سے متعلق طبی دستاویزات اس کے بھائی نے مائیکل فری مین کو فراہم کی تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سرکاری طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ جیفری ایپسٹین کی 2019 میں ایک وفاقی حراستی مرکز میں موت کے شواہد خودکشی کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
ایپسٹین اور اس کے بدنام زمانہ جزیرے سے متعلق انکشافات، خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم اور مختلف ممالک کی اہم سیاسی شخصیات سے اس کے روابط، خصوصاً امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تعلقات، ماضی میں شدید تنازع اور بحث کا باعث بن چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ